لمبی عمر کیلئے دعا
۲۱سید بن طاؤسؒ نے معتبر سند کے ساتھ جمیل بن دراج سے روایت کی ہے کہ ایک شخص امام جعفر صادق علیہ السلام کی خدمت میں آیا اور کہا۔
مولا میری عمر زیادہ ہو گئی ہے اور میرے تمام اعزاء مر چکے ہیں اور اب میرا کوئی مونس و ہمدم نہیں ہے اور مجھے اپنی موت کا خطرہ لاحق ہے
تو آپ نے فرمایا کہ صالح اور نیک کردار مومنین انسیت اور اطمینان و سکونِ قلب کےلئے اعزّا سے بہتر ہوتے ہیں اور اگرتم اپنی اور اپنےاعزّا ء و اقرباء کی طول عمر کی خواہش رکھتے ہو تو یہ دعا ہر نماز کے بعد پڑھا کرو۔
خدایا محمدؐ و آل محمدؐ پر رحمت نازل فرما
اَللّٰهُمَّ اِنَّ رَسُوْلَكَ الصَّادِقَ الْمُصَدَّقَ
پروردگار تیرے رسول صادق مصدّق نے
صَلَوَاتُكَ عَلَيْهِ وَاٰلِهٖ
درود و سلام ہو ان پر اور ان کی آل پر
قَالَ اِنَّكَ قُلْتَ
انہوں نے یہ کہا ہے اور تیری زبان سے نقل کیا ہے کہ تو نے فرمایا ہے
مَا تَرَدَّدْتُ فِىْ شَىْءٍ اَ نَا فَاعِلُهُ
کہ میں جو کچھ کرنا چاہتا ہوں، اس میں مجھے کوئی تردد نہیں ہوتا
كَتَرَدُّدِىْ فِى قَبْضِ رُوْحِ عَبْدِىَ الْمُؤْمِنِ
علاوہ اس وقت کے جب کسی ایسے بندے کی روح قبض کرنا چاہتا ہوں
يَكْرَهُ الْمَوْتَ وَاَكْرَهُ مَسَاۤئَتَهُ
جو موت کو پسند نہیں کرتا اور میں بھی اُسے ناراض نہیں کرنا چاہتا۔
اَللّٰهُمَّ فَصَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَاٰلِ مُحَمَّدٍ
خدایا محمدؐ و آل محمدؐ پر رحمت نازل فرما،
وَعَجِّلْ لِوَلِيِّكَ الْفَرَجَ
اپنے ولی کے ظہور میں تعجیل فرما،
وَالْعَافِيَةَ وَالنَّصْرَ
انھیں عافیت اور نصرت عطا فرما
وَلَا تَسُؤْنِىْ فِىْ نَفْسِىْ
اور مجھے کسی برائی سے نہ اپنے بارے میں
وَلَا فِىْ اَحَدٍ مِنْ اَحِبَّتِىْ۔
اور نہ اپنے احباب کے بارے میں دوچار نہ کرنا۔
اگر تم چاہو تو اپنے ایک ایک دوست کانام لے کر کہو
ولافی فلانٍ ولا فی فلانٍ
راوی کا بیان ہے کہ جب میں نے یہ دعا پابندی کے ساتھ پڑھی تو مجھے اتنی طویل زندگی نصیب ہوئی کہ زندگی سے رنجیدہ ہو گیا۔ یہ دعا بیحد معتبر ہے اور دعا کی تمام کتابوں میں موجود ہے۔