EN اردو RO AZ
🌐
English اردو Roman Azerbaijani
🏠 🔍
نماز حدیث نفس
حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے روایت ہے کہ کوئی مومن ایسا نہیں ہے جس کے چالیس دن گذر جائیں اور اس کے دل میں حدیث نفس وسوسہ نہ پیدا ہو لہٰذا جب ایسا ہو تو دو رکعت نماز پڑھ کر خداوند عالم کی پناہ مانگے۔
اور آپؑ ہی سے منقول ہے کہ حضرت آدمؑ نے خداوند عالم سے وسوسہ کی شکایت کی تو جبرئیل یہ حکمِ پروردگار لائے کہ آپ یہ کہیں۔
لَا حَوْلَ وَ لَا قُوَّةَ اِلَّا بِاللهِ۔
نہیں کوئی طاقت و قوّت مگر جو خدا سے ہے۔
حضرت آدمؑ نے ایسا کہا تو آپؑ کا وسوسہ دور ہو گیا۔
اس کے بعد آپؑ نے فرمایا کہ یہی ‘‘لَا حَوْلَ وَلٰا قُوَّۃَ اِلّاَ بِاللہِ’’ کی حقیقت ہے اور حضرت امام محمد باقرؑ سے روایت ہے کہ ایک شخص حضرت رسولؐ اکرم کی خدمت میں حاضر ہوا اور آپؐ سے وسوسہ اور بھاری قرض اور فقیری کی شکایت کی تو آپؐ نے فرمایا کہ کہو:۔
تَوَكَّلْتُ عَلَى الْحَىِّ الَّذِىْ لَايَمُوْتُ
میرا اعتماد اس خدائے زندہ پر ہے جس کے لیے موت نہیں۔
وَ الْحَمْدُلِلّٰهِ الَّذِىْ لَمْ يَتَّخِذْ وَلَدًا
ساری حمد اس اللہ کے لیے ہے جس نے نہ کسی کو اپنا بیٹا بنایا
وَ لَمْ يَكُنْ لَّهُ شَرِيْكٌ فِى الْمُلْكِ
نہ کوئی اس کے ملک میں شریک ہے
وَلَمْ يَكُنْ لَّهُ وَلِىٌّ مِّنَ الذُّلِّ
اور نہ کوئی اس کی کمزوری کا ولی ہے۔
وَ كَبِّرْهُ تَكْبِيْرًا۔
ساری کبریائی اسی کے لیے ہے۔
کچھ دن نہ گذرے تھے کہ وہ شخص حضرت کی خدمت میں آیا اور کہنے لگا کہ یا رسولؐ اللہ خداوند عالم نے میرا وسوسہ دور کر دیا ہے۔ میرے قرض کو ادا کر دیا ہے اور مجھے فقیری سے نجات عطا فرما دی ہے ۔
اور روایت میں ہے کہ شیطان کے وسوسے کو دور کرنے لئے جب کبھی بھی تمہارے سینہ میں شک پیدا ہو تو کہو:۔
هُوَ الْاَوَّلُ وَالْاٰ خِرُ
وہی اوّل ہے وہی آخر ہے
وَالظَّاهِرُ وَالْبَاطِنُ
وہ ظاہر ہے اور پوشیدہ بھی
وَ هُوَ بِكُلِّ شَىْءٍ عَلِيْمٌ۔
اور وہ ہر چیز کا جاننے والا ہے۔