امام زمانہؑ کے چار نائبِ خاص
یعنی جناب ابوعمرو عثمان بن سعید عمری۔ جناب ابو جعفر محمد بن عثمانؒ۔ شیخ ابوالقاسم حسین بن روح نو بختیؒ اور شیخ جلیل ابوالحسن علی بن محمد سمریؒ۔ واضح رہے کہ کاظمین میں قیام کے دوران زائرین کی ذمہ داریوں میں یہ بھی ہے کہ بغداد جائیں اور حضرت امام عصرؑ کے ان چار نائبوں کی زیارت کریں کہ ان میں سے ہر ایک اگر دور دراز مقام پر ہوتا تو بھی مومنین کا چاہیئے تھاکہ دور دراز کا سفر کر کے، زحمتیں برداشت کر کے ان حضرات کی زیارت کا شرف حاصل کریں ائمہؑ کے تمام اصحاب خاص کے درمیان ان کی بزرگی اور جلالت وقدر کو کوئی شخص نہیں پا سکتا ہے۔ یہ ستّرسال تک امام اور قوم کے درمیان سفارت کے فرائض انجام دیتے رہے اور ان کے ہاتھوں پر بے شمار کرامتوں کا ظہوا ہوا ہے۔ بعض علماء ان کی عصمت کے بھی قائل ہیں اور یہ بھی واضح رہے کہ جس طرح یہ حضرات زندگی میں امامؑ اور قوم کے درمیان واسطہ تھے اور ان کے منصوبوں میں لوگوں کے خطوط اور پیغامات کا حضرت تک پہنچانا تھا۔ اس طرح مرنے کے بعد بھی یہ شان برقرار ہے اور ان کے ذریعہ عریضے بھیجے جاتے ہیں جیسا کہ اپنے مقام پر واضح کیا جا چکا ہے۔