EN اردو RO AZ
🌐
English اردو Roman Azerbaijani
🏠 🔍
فضیلت و آداب تربت امام حسین ع
واضح رہے کہ اس سلسلہ میں متعدد روایات وارد ہوئی ہیں کہ خاکِ قبر امام حسینؑ موت کے علاوہ ہر درد کا علاج ہے اور ہر بلا سے بچانے کا ذریعہ اور ہر خوف میں امن کا وسیلہ ہے۔ اس سلسلہ میں روایات متواتر ہیں اور اس سے جو معجزات ظاہر ہوئے ہیں وہ بھی بیان سے باہر ہیں۔ میں نے اپنی کتاب فوائد الرضویہ میں جو علمائے شیعہ کے حالات میں سے ہےمحدث بزرگ آقائی سید نعمۃ اللہ جزائری کے حالات میں لکھا ہے کہ انھوں نے تحصیل علم میں بے حد زحمتیں برداشت کیں اور بے حساب مصائب کا سامنا کیا اور اوائل تعلیم میں ان کے پاس روشنی کا بھی انتظام نہیں تھا تو چاند کی روشنی میں مطالعہ کیا کرتے تھے جس کی بنا پر ان کی آنکھیں پڑھنے سے اس قدر ضعیف ہو گئی تھیں کہ وہ روشنی چشم کے لئے خاک قبر امام حسینؑ اور خاک مشاہد مشرفہ ائمہؑ عراق کو بطور سرمہ استعمال کرتے تھے جس کی برکت سے ان کی آنکھوں کی بینائی ٹھیک ہو گئی اور میں نے یہ بھی لکھا ہے کہ ایسا نہ ہو کہ آج کل کے لوگ کفار اور بے دینوں کے ساتھ معاشرت کی بنا پر اس مسئلہ میں شک کرنے لگیں جب کہ کمال الدین دمیری نے حیاۃ الحیوان میں نقل کیا ہے کہ سانپ کی عمر جب ہزار سال ہو جاتی ہے تو اس کی آنکھیں اندھی ہو جاتی ہیں اور پروردگار اس کو یہ الہام کرتا ہے کہ اپنی آنکھ کو فلاں گھاس پر جس کو راز یانج کہتے ہیں مل دے تو اس کی بینائی پلٹ آئے گی اور وہ اس گھاس کی تلاش میں نکل پڑتا ہے اور چاہے کتنی ہی طویل مسافت ہو اپنے کو وہاں پہنچا دیتا ہے اور اپنی آنکھوں کو اس گھاس پر مل دیتا ہے جس سے اس کی روشنی پلٹ آتی ہے۔ اس بات کو علامہ زمحشری نے بھی نقل کیا ہے۔ تو اگر پروردگار ایک گھاس میں یہ خاصیت پیدا کر سکتا ہے کہ اندھے سانپ کا بینا بنا دے تو اس بات پر تعجب ہے کہ پروردگار فرزند رسولؐ کی تربت میں اس سے بہتر تاثیر پیدا کر دے جس نے راہِ خدا میں اپنا سارا گھر لٹا دیا۔ اس خاک مقدس کے وہ فوائد و برکات ہیں کہ جن سے چاہنے والوں نے بے شمار فائدے اٹھائے ہیں اور یہاں صرف چند روایات کی طرف اشارہ کیا جا رہا ہے۔
۱روایت میں ہے کہ حُورانِ بہشت جب ملائکہ کو دیکھتی ہیں کہ وہ کسی کام کے لئے زمین کی طرف جارہے ہیں تو ان سے التماس کرتی ہیں کہ ہمارے لئے تسبیح و خاکِ قبر امام حسینؑ بطور ہدیہ لے آئیں۔
۲سند معتبر کے ساتھ منقول ہے کہ ایک شخص نے بیان کیا کہ امام رضاؑ نے میرے واسطے خراسان سے ایک سامان کا تھیلا بھیجا۔ جب میں نے کھولا تو دیکھا کہ اس میں ایک خاک بھی ہے۔ میں نے لانے والے سے پوچھا کہ یہ کیا ہے؟ اس نے کہا کہ یہ خاکِ قبرِ امام حسینؑ ہے۔ اور حضرت جب کوئی لباس یا غیر لباس کسی کو بھیجتے ہیں تو اس میں یہ خاک ضرور رکھتے ہیں اور فرماتے ہیں کہ حکمِ خدا سے تمام بلاؤں سے امان کا ذریعہ ہے۔
۳روایت میں ہے کہ عبداللہ بن ابی یعفور نے امام صادقؑ سے عرض کیا کہ ایک شخص خاکِ قبرِ امام حسینؑ کو اٹھاتا ہے او ر فائدہ حاصل کر لیتا ہے اور دوسرے کو ویسا فائدہ نہیں ہوتا ہے؟ تو آپ نے فرمایا کہ جو شخص بھی اعتماد صحیح رکھتا ہے اس کو یقیناً فائدہ ہو گا۔
۴ابو حمزہ ثمالیؒ سے روایت ہے کہ میں نے امام صادقؑ سے عرض کیا کہ میں دیکھتا ہوں کہ ہمارے اصحاب خاکِ قبر امام حسینؑ کو لے کر اس سے شفا طلب کر رہے ہیں تو کیا اس میں واقعاً شفا ہے؟ فرمایا بیشک جو خاک بھی قبر کے چار میل کے اندر سے اٹھائی جائے اس میں شفا ہے اور یہی تاثیر حضرت رسولؐ، امام حسنؑ، امام زین العابدینؑ اور امام محمد باقرؑ کی خاک قبر میں بھی ہے کہ یہ خاک ہر طرح سے شفا ہے اور ہر بلا کے دفع کرنے کا ذریعہ ہے۔ دنیا کی کوئی چیز اس کے برابر نہیں ہوسکتی ہے سوائے دعا کے۔ البتہ جو چیز اس کو برباد کر دیتی ہے وہ کسی غلط جگہ پر اس کو رکھ دینا ہے لہٰذا جو لوگ اس خاک سے علاج سے علاج کرتے ہیں اگر ان کا یقین و اعتقاد صحیح ہے تو یقیناً انھیں فائدہ ہو گا اور انھیں دوسری دوا کی ضرورت نہ ہو گی لیکن کبھی کبھی اس خاک کو شیاطین اور جنات کے کافر برباد کر دیتے ہیں کہ اپنے کو اس پر مل دیتے ہیں یا اس میں کوئی چیز ڈال دیتے ہیں کہ انھیں فرزند آدمؑ سےحسد ہے اور وہ اس کی نیکی اور خوشبو کو زائل کر دیتے ہیں چنانچہ جب بھی حرم امام حسینؑ سے کوئی خاک نکلتی ہے تو شیاطین و کفار جنات بے شمار تعداد میں تیار ہو جاتے ہیں کہ کس طرح اس خاک کو صاحبِ خاک سے چھین لیں یا اس کو اپنے ہاتھوں سے مس کر دیں کہ ملائکہ انھیں حرم امام حسینؑ میں داخل نہیں ہونے دیتے ہیں۔ لہٰذا اگر تربیت ان لوگوں سے محفوظ رہ جائے تو ہر بیماری کا علاج کر سکتی ہے لہٰذا جب خاکِ قبر کو اٹھائے تو اسے پوشیدہ رکھے اور مسلسل اس پر ذکرِ خدا کرتا رہے۔ میں نے سنا ہے کہ بعض لوگ خاک اٹھا تو لیتے ہیں مگر اس کو معمولی سمجھتے ہیں حتیٰ کہ بعض لوگ جانور کے کھانے کے سامان میں یا ایسی جگہ پر رکھ دیتے ہیں جہاں لوگوں کے ہاتھ لگتے رہتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ ایسے لوگوں کو کس طرح شفا حاصل ہو سکتی ہے جو اس مو معمولی سمجھتا ہے وہ خود اپنے عمل کو برباد کر لیتا ہے۔
۵روایت میں ہے کہ جب تم میں سے کوئی شخص خاکِ قبرکو اٹھانا چاہے تو چٹکی سےاٹھائے ایک چنے کے برابر اٹھائے اور اس کو بوسہ دےاور آنکھوں سے لگائے۔ اس کے بعد اپنے سارے بدن پر مل لے اور یہ کہے۔
اَللّٰهُمَّ بِحَقِّ هٰذِهِ التُّرْبَةِ
وَ بِحَقِّ مَنْ حَلَّ بِهَا وَ ثَوٰى فِيْهَا
وَ بِحَقِّ جَدِّهِ وَ اَبِيْهِ
وَ اُمِّهِ وَ اَخِيْهِ
وَ الْاَئِمَّةِ مِنْ وُلْدِهِ
وَ بِحَقِّ الْمَلَاۤئِكَةِ الْحَآفِّيْنَ بِهِ
اِلَّا جَعَلْتَهَا شِفَاۤءً مِنْ كُلِّ دَاۤءٍ
وَ بُرْءًا مِنْ كُلِّ مَرَضٍ
وَ نَجَاةً مِنْ كُلِّ اٰفَةٍ
وَ حِرْزًا مِمَّاۤ اَخَافُ وَ اَحْذَرُ۔
اس کے بعد اس خاک کو استعمال کرے۔
روایت میں ہے کہتربت امام حسینؑ کو مہر کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ اس پر سورۂ انّا انزلناہ پڑھا جائےنیز روایت ہے کہ جو شخص اس خاک کوکھانا چاہتا ہے یا کسی کو کھلانا چاہتا ہے وہ پہلے کہے۔
بِسْمِ اللّٰهِ وَ بِاللّٰهِ
اَللّٰهُمَّ اجْعَلْهُ رِزْقًا وَاسِعًا
وَ عِلْمًا نَافِعًا
وَ شِفَاۤءً مِنْ كُلِّ دَاۤءٍ
اِنَّكَ عَلٰى كُلِّ شَيْ‏ءٍ قَدِيْرٌ۔
مؤلّف کا بیان ہے کہ اس تربت شریفہ کے فوائد بہت ہیں جن میں سے ایک یہ بھی ہے کہ مستحب ہے کہ اسے میت کے ساتھ قبر میں رکھا جائے اور کفن کو اسی سے لکھا جائے اور پھر اسی پر سجدہ کیا جائے کہ خاکِ شفا پر سجدہ ساتوں حجابات کو اٹھا دیتا ہے اور نماز کی قبولیت کا ذریعہ بن جاتا ہے۔ اس خاک سے تسبیح بنانا اور اس پر ذکر کرنا اور اس کو اپنے ہاتھوں میں رکھنا بھی فضیلت رکھتا ہے۔ اس کی خاصیت یہ ہے کہ وہ خودتسبیح پروردگار کرتی رہتی ہے چاہے صاحبِ تسبیح تسبیح کرے یا نہ کرے۔ اور واضح رہے کہ یہ تسبیح اس تسبیح کے علاوہ ہے جو فطری طور پر ساری کائنات کے ذرات کرتے ہیں جیسا کہ پروردگار نے فرمایا ہے۔
عارف رومی نے اسی مفہوم کو یوں بیان کیا ہے:۔
اگر تمہارے پاس نگاہِ غیب آشنا ہوتی٭٭٭اور تمہارے ساتھ دنیا کے ذرات ہم راز ہوتے
تو تم خاک آب مٹی کے٭٭٭نطق کو بھی محسوس کر لیتے
کہ تمام ذرات عالم خاموشی کے٭٭٭ساتھ صبح و شام کہہ رہے ہیں
کہ ہم سماعت و بصارت و ہوش رکھتے ہیں٭٭٭اور تم نامحرموں کے سامنےخاموش رہتے ہیں
اگر تم جمادات کے ساتھ یک رنگ ہو جاؤ٭٭٭تو اجزائے عالم کے غلغلہ کو سن سکتے ہو
صاف تسبیح جمادات کی آواز آ رہی ہے٭٭٭صرف وسوسے تاویلوں میں اضافہ کر دیتے ہیں
سُبْحَانَ اللهِ
وَ الْحَمْدُ لِلّٰهِ
وَ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا اللهُ
وَ اللهُ اَكْبَرُ۔
یہ تسبیح جس کاذکر اس روایت میں ہے یہ خصوصیات خاص قبر سیدالشہداءؑ میں ہے۔
۶امام رضاؑ سے منقول ہے کہ جو شخص تسبیح خاکِ شفا ہاتھ میں لے کر کہے
تو ہر دانہ پر خداوند عالم اس کے لئے چھ ہزار نیکیاں لکھے گا اور چھ ہزار گناہ محو کر دے گا اور چھ ہزار درجات بلند کردے گا اور چھ ہزار افراد کی شفاعت کا حق دے دے گا۔ امام صادقؑ سے منقول ہے کہ جو شخص قبرِ امام حسینؑ کے سنگ ریزوں سے تسبیح بنائے اور ایک مرتبہ استغفار کر لے تو اس کے لئے ستّر مرتبہ استغفار لکھا جاتا ہے اور اگر تسبیح ہاتھ میں لئے رہے اور خود کچھ نہ پڑھے تو ہر دانہ کی سات مرتبہ تسبیح درج کی جاتی ہے۔
۷حدیث معتبر میں ہے کہ امام صادقؑ عراق تشریف لائے تو ایک گروہ آپ کے پاس حاضر ہوا اور کہا کہ ہم نے سنا ہے کہ تربت امام حسینؑ ہر درد سے شفا کا باعث ہے۔ کیا خوف سے حفاظت کا سبب بھی ہے؟ فرمایا بیشک اگر کوئی شخص چاہتا ہے کہ وہ ہر خطرہ سے محفوظ رہے تو اسے خاکِ قبر امام حسینؑ کی تسبیح بنا کر اپنےہاتھ میں رکھنا چاہیئے اور تین مرتبہ اس دعا کو پڑھنا چاہیئے۔
اَصْبَحْتُ [اَمْسَيْتُ‏] اَللّٰهُمَّ مُعْتَصِمًا بِذِمَامِكَ وَ جِوَارِكَ الْمَنِيْعِ
الَّذِيْ لَا يُطَاوَلُ وَ لَا يُحَاوَلُ
مِنْ شَرِّ كُلِّ غَاشِمٍ وَ طَارِقٍ
مِنْ سَاۤئِرِ مَنْ خَلَقْتَ وَ مَا خَلَقْتَ
مِنْ خَلْقِكَ الصَّامِتِ وَ النَّاطِقِ
فِي جُنَّةٍ مِنْ كُلِّ مَخُوْفٍ
بِلِبَاسٍ سَابِغَةٍ حَصِيْنَةٍ
وَ هِيَ وِلَاۤءُ اَهْلِ بَيْتِ نَبِيِّكَ
عَلَيْهِمُ السَّلَامُ مُحَمَّدٍ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَ اٰلِهِ‏
مُحْتَجِزًا [مُحْتَجِبًا] مِنْ كُلِّ قَاصِدٍ لِيۤ اِلٰۤى اَذِيَّةٍ
بِجِدَارٍ حَصِيْنٍ
۟اِلْاِخْلَاصِ فِيْ الْاِعْتِرَافِ بِحَقِّهِمْ
وَ التَّمَسُّكِ بِحَبْلِهِمْ جَمِيْعًا
مُوْقِنًا اَنَّ الْحَقَّ لَهُمْ وَ مَعَهُمْ
وَ مِنْهُمْ وَ فِيْهِمْ وَ بِهِمْ
اُوَالِيْ مَنْ وَالَوْا
وَ اُعَادِيْ مَنْ عَادَوْا
وَ اُجَانِبُ مَنْ جَانَبُوْا
فَصَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَ اٰلِهِ
وَ اَعِذْنِيْ اَللّٰهُمَّ بِهِمْ
مِنْ شَرِّ كُلِّ مَاۤ اَتَّقِيْهِ يَا عَظِيْمُ
حَجَزْتُ الْاَعَادِيَ عَنِّيْ بِبَدِيْعِ السَّمَاوَاتِ وَ الْاَرْضِ
اِنَّا جَعَلْنَا مِنْ بَيْنِ اَيْدِيْهِمْ سَدًّا
وَ مِنْ خَلْفِهِمْ سَدًّا
فَاَغْشَيْنَاهُمْ فَهُمْ لَا يُبْصِرُوْنَ۔
اس کے بعد تسبیح کو بوسہ دے کر آنکھوں پر ملے اور کہے
اَللّٰهُمَّ اِنِّيۤ اَسْاَلُكَ بِحَقِّ هٰذِهِ التُّرْبَةِ الْمُبَارَكَةِ
وَ بِحَقِّ صَاحِبِهَا
وَ بِحَقِّ جَدِّهِ وَ بِحَقِّ اَبِيْهِ
وَ بِحَقِّ اُمِّهِ وَ بِحَقِّ اَخِيْهِ
وَ بِحَقِّ وُلْدِهِ الطَّاهِرِيْنَ
اجْعَلْهَا شِفَاۤءً مِنْ كُلِّ دَاۤءٍ
وَ اَمَانًا مِنْ كُلِّ خَوْفٍ
وَ حِفْظًا مِنْ كُلِّ سُوۤءٍ۔
اس کے بعد تسبیح کو اپنی پیشانی پر رکھے۔ اگر صبح کو ایسا کرے گا تو شام تک امان مین رہے گا اور شام کو ایسا کرے گا تو صبح تک محفوظ رہے گا۔ دوسری روایت میں ہے کہ جو شخص کسی بادشاہ یا کسی ظالم سے ڈرتا ہو تو گھر سے باہر نکلتے وقت یہی طریقہ اختیار کرے تو اس کے ہر شر سے محفوظ رہے گا۔
مؤلّف: علمائے کرام کے درمیان مشہور ہے کہ کسی بھی خاک کا کھانا جائز نہیں ہے مگر تربت قبر امام حسینؑ کو لذت کے بجائے شفا کی نیت سے ایک چنے کے برابر کھایا جائے تو کوئی حرج نہیں ہے بلکہ احتیاط یہ ہے کہ ایک مسور کے دانہ کے برابر ہو اور اس میں بھی بہتر یہ ہے کہ منھ میں رکھ کر پانی سے اتار لی جائے اور یہ کہے۔
اَللّٰهُمَّ اجْعَلْهُ رِزْقًا وَاسِعًا
وَ عِلْمًا نَافِعًا
وَ شِفَاۤءً مِنْ كُلِّ دَاۤءٍ وَ سُقْمٍ۔
علامہ مجلسیؒ کا ارشاد ہے کہ احتیاط یہ ہے کہ خاکِ پاک کی تسبیح و سجدہ گاہ کی خرید و فروخت نہ کرے بلکہ دونوں طرف سے جنس اور قیمت کو بطور ہدیہ دے دیا جائے بشرطیکہ پہلے سے کوئی شرط نہ ہو جیسا کہ حدیث معتبر میں امام صادقؑ سےمنقول ہے کہ جس شخص نے خاکِ قبرِ امام حسینؑ کو فروخت کیا گویا کہ حضرت کے گوشت کی خرید و فروخت کی۔
مؤلّف: ہمارے استاد عالم متبحر محدث عظیم ثقۃ الاسلام زری نے دارالسلام مین فرمایا کہ ایک دن میرے بھائیوںمیں سے ایک کو والدۂ محترمہ نے دیکھ لیا کہ وہ تربت امام حسینؑ کوقبا کی نیچے کی جیب میں رکھے ہیں تو انھوں نے انتہائی سخت تنبیہ کی اور فرمایا کہ یہ خاکِ پاک کی بے ادبی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ یہ ران کے نیچے دب کر ٹوٹ جائے تو بھائی نے کہا کہ ایسا دو مرتبہ ہو چکا ہے لیکن اب آئندہ ایسا نہیں کروں گا۔ چنانچہ اس کے بعد میرے والد بزرگوار نے خواب میں دیکھاجب کہ انھیں اس واقعہ کی اطلاع بھی نہیں تھیکہ امامِ حسینؑ ملاقات کے لئے تشریف لائے ہیں اور کتب خانے کے کمرہ میں بیٹھ کر انتہائی محبت کا اظہار فرما رہے ہیں۔ اس کے بعد آپ نے فرمایا کہ اپنے بچوں کو بلاؤ۔ آپ نے تمام بچوں کو طلب کیا جن میں ہم پانچ بھائی تھے اور سب حضرت کے سامنے کھڑئے ہو گئے۔ آپ کے پاس لباس اور کچھ چیزیں اور تھیں۔ آپ نے ایک ایک کو بلا کر کوئی نہ کوئی چیز دے دی لیکن جب ہمارے بھائی کی نوبت آئی تو آپ نے ان کی طرف غصہ سے نگاہ کی اور والد سے فرمایا کہ یہ تمہارا بیٹا ہے۔ اس نے ہمارے خاک کی دو سجدہ گاہوں کو اپنی ران کے نیچے توڑ دیا ہے اور یہ کہہ کر آپ نے دوسرے بھائیوں کی طرح طلب کرنے کے بجائے دور سے کوئی چیز پھینک دی جو غالباً میرے خیال کے مطابق کنگھی کا ڈبّہ تھا۔ اس کے بعد والد محترم خواب سے بیدار ہوئے تو انھوں نے اس خواب کو والدۂ محترمہ سے نقل کیا اور انھوں نے اپنا قصہ والد سے بیان کیا اور انھیں اپنے خواب کی صداقت پر بیحد تعجب ہوا۔