اعمال ماہِ رجب اور ان کی فضیلت
واضح رہے کہ رجب، شعبان اور رمضان انتہائی با برکت مہینے ہیں اور ان کے فضائل میں بے شمار روایات وارد ہوئی ہیں رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے یہاں تک نقل کیا گیا ہے کہ ماہ رجب خدا کا عظیم مہینہ ہے اور یہ وہ مہینہ ہے جس کی فضیلت کو کوئی مہینہ نہیں پا سکتا ہے اور جس میں کافروں سے جہاد کو بھی حرام کر دیا ہے۔رجب خدا کا مہینہ ہے، شعبان میرا مہینہ ہے اور ماہ رمضان میری امت کا مہینہ ہے۔ اگر کوئی شخص ماہ رجب میں روزہ رکھے تو پروردگار کی خشنودی کا حق دار ہو گا اور اس کے غضب سے محفوظ ہو جائے گا اور اس کے لئے جہنم کے دروازے بند ہو جائیں گے۔
امام موسیٰ کاظم علیہ السلام سے نقل کیا گیا ہے کہ جو شخص ماہ رجب میں ایک دن روزہ رکھے گا آتش جہنم اس سے ایک سال کے فاصلہ تک دور ہو جائے گی اور جو شخص تین دن روزہ رکھے گا اس کے لئے جنت لازم ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ فرمایا کہ رجب جنت میں ایک نہر کا نام ہے جو دودھ سے زیادہ سفید اور شہد سے زیادہ شیریں ہے اور ماہ رجب میں ایک دن روزہ رکھنے والا بھی اس نہر سے سیراب کیا جائے گا۔
امام جعفر صادق علیہ السلام سے نقل کیا گیا ہے کہ رسول اکرمؐ نے فرمایا ہے کہ ماہ رجب میری امت کے استغفار کا مہینہ ہے۔ لہٰذا اس مہینہ میں خدا سے زیادہ سے زیادہ مغفرت طلب کرو کہ خدا بہت بخشنے والا اور مہربان ہے۔ اور رجب کو اصب اسی لئے کہا جاتا ہے کہ اس مہینہ میں امت پر رحمتِ پروردگار کی بارش ہوتی ہے۔ لہٰذا مسلسل
میں خدا سے بخشش چاہتا ہوں اور توبہ کی توفیق مانگتا ہوں۔
کہتے رہو۔
ابن بابویہ ؒ نے معتبر سند کے ساتھ ابن سالم سے روایت کی ہے کہ میں آخر ماہ رجب میں امام جعفر صادقؑ کی خدمت میں حاضر ہوا جب کہ صرف چند دن باقی رہ گئے تھےتو حضرت نے مجھے دیکھ کر فرمایاکہ کیا تم نے اس مہینے میں روزہ رکھا ہے؟ میں نے عرض کیا نہیں ! فرمایا کہ اس قدر ثواب تمہارے ہاتھوں سے نکل گیا کہ جس کی مقدار کو خدا کے علاوہ کوئی نہیں جانتا ہے۔ یقیناً یہ مہینہ وہ ہے جس کو پروردگار عالم نے دوسرے مہینوں پر فضیلت دی ہے اس کی حرمت کو عظیم بنایا ہے اور اس ماہ میں روزہ رکھنے والوں کی کرامت کو اپنے لئے واجب قرار دیا ہے۔ تو میں نے عرض کی۔ اے فرزند رسولؐ اگر باقی دنوں میں روزہ رکھ لیا جائے تو کیا اس میں سے کچھ ثواب حاصل ہو جائے گا؟ فرمایا سالم جو شخص ماہ رجب کے آخر میں ایک دن روزہ رکھے گا پروردگار عالم اس کو سکرات موت سے نجات دےدےگا اور مرنے کے بعد قبر کے ہول سے محفوظ رکھے گا اور اگر کوئی آخر ماہ میں دو دن روزہ رکھ لےگا تو وہ صراط سے باآسانی گذر جائے گا اور اگر تین دن روزہ رکھے گا تو قیامت کے خوف سے محفوظ ہو جائے گا اور اس دن کی شدت اور ہول سے امن میں رہے گا اور خدا اسے جہنم سے نجات کا پروانہ عطا فرما دے گا۔ یاد رکھو کہ روزہ ٔ ماہ رجب کے لئے بےشمار فضیلت وارد ہوئی ہے اور یہاں تک روایت میں ہے کہ اگر کوئی شخص روزہ رکھنے کے قابل نہ ہو تو روزانہ سو مرتبہ یہ تسبیح پڑھے تاکہ اسے روزہ کاثواب مل جائے گا۔
سُبْحَانَ الْاِلٰهِ الْجَلِيْلِ
پاکیزہ ہے وہ خدائے جلیل،
سُبْحَانَ مَنْ لَا يَنْبَغِيْ التَّسْبِيْحُ اِلَّا لَهُ
پاکیزہ ہے وہ جس کے علاوہ کسی کے لیے تسبیح نہیں ہے۔
سُبْحَانَ الْاَعَزِّ الْاَكْرَمِ
پاکیزہ ہے وہ خدائے عزیز و کریم۔
سُبْحَانَ مَنْ لَبِسَ الْعِزَّ وَ هُوَ لَهُ اَهْلٌ۔
پاکیزہ ہے وہ جس کا لباس عزّت ہے اور وہ اس لباس کا اہل ہے۔
پاکیزہ ہے وہ خدائے جلیل، پاکیزہ ہے وہ جس کے علاوہ کسی کے لئے تسبیح نہیں ہے۔ پاکیزہ ہے وہ خدائے عزیز و کریم۔ پاکیزہ ہے وہ جس کا لباس عزت ہے اور وہ اس لباس کا اہل ہے۔