۱۱، ۱۵ اور ۲۳ ماہِ ذیقعدہ
گیارہ ذیقعدہ
۱۴۸ھ میں ولادت باسعادت امام رضا علیہ السلام ہے۔
پندرہویں شب
نہایت مبارک رات ہے جب پروردگار بندگان مومنین پر نظرِ رحمت کرتا ہے۔ جو شخص بھی اس شب میں عبادت خدا میں مشغول رہے ہوں اور ایک لمحہ کے لئے بھی معصیتِ خدا نہ کرے جیسا کہ روایتِ پیغمبرؐ میں وارد ہوا ہے انسان اس رات کو غنیمت خیال کرے اور اپنے کو اطاعت و عبادت و نماز و طلبِ حاجات میں مشغول رکھے جیسا کہ روایت میں ہے کہ جو شخص اس رات میں خداوند عالم سے کوئی حاجت طلب کرے گا تو اللہ اس کو ضرور عطا کرے گا۔
تیئیسویں تاریخ
۲۰۳ھ بقولے شہادت امام رضا علیہ السلام واقع ہوئی۔ نزدیک یا دور سے آپ کی زیارت مستحب ہے۔ ابن طاؤسؒ نے اقبال میں فرمایا ہے کہ میں نے اپنے بعض عظیم علماء کی تصانیف میں دیکھا ہے کہ امام رضاؑ کی زیارت تیئیسویں ذیقعدہ کو قریب یا بعید سے پڑھا کرے ان مشہور زیارتوں کے ذریعہ یا کسی اور زیارت کے ذریعہ۔