میں خدا سے جنّت مانگتا ہوں
وَ اَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ النَّارِ۔
اورجہنّم سے خدا کی پناہ لیتا ہوں ۔
اور دوسری معتبر سند کے ساتھ آنحضرتؑ ہی سے مروی ہے کہ ایک مومن ایک دن میں چالیس گناہ کبیرہ کرے پھر پریشان ہو کر یہ استغفار پڑھے تو خداوند عالم اس کے گناہ معاف کر دے گاٍ۔
اَسْتَغْفِرُاللّٰهَ الَّذِىْ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ
اس خدا سے معافی مانگتا ہوں کہ نہیں کوئی معبود
الْحَىُّ الْقَيُّوْمُ
مگر وہ زندہ پائندہ
بَدِيْعُ السَّمٰوَاتِ وَالْاَرْضِ
آسمانوں اور زمین کو پیدا کرنے والا
ذُوالْجَلَالِ وَالْاِكْرَامِ
جلال و اکرام کا مالک
وَ اَسْئَلُهُ اَنْ يَّتُوْبَ عَلَىَّ۔
اور سوال کرتا ہوں کہ وہ میری تو بہ قبول کر لے۔
نیز معتبر سند کے ساتھ آپ ہی سے روایت کی ہے جو شخص بھی ہر روز سات بار کہے گا ۔
اَلْحَمْدُلِلّٰهِ عَلٰى كُلِّ نِعْمَةٍ كَانَتْ اَوْ هِىَ كَاۤئِنَةٌ۔
خدا کی حمد ہے ہر اس نعمت پر جو پہلے ملی تھی یا اب ملی ہے۔
تو گویا اس نے گزشتہ آئندہ نعمتوں کا شکر ادا کر دیا ہے۔ اور معتبر سند کے ساتھ آپ ہی سے روایت ہے کہ جو شخص ہر روز پچیس ۲۵؍ بار کہے گا۔
اَللّٰهُمَّ اغْفِرْ لِلْمُؤْمِنِيْنَ وَ الْمُؤْمِنَاتِ وَالْمُسْلِمِيْنَ وَ الْمُسْلِمَاتِ۔
اے ﷲ بخش دے تمام مومنین و مومنات کو اور تمام مسلمین و مسلمات کو۔
تو خداوند عالم جتنے مومن گذر چکے ہیں اور جتنے مومن قیامت تک آئیں گے ان کی تعداد کے برابر اس کے نامۂ اعمال میں حسنات لکھ دے گا اور اتنے ہی گناہ محو کر دے گا اور اتنے ہی درجات جنت میں بلند کرے گا۔ معتبر سند کے ساتھ آپؑ ہی سے روایت بھی کی ہے کہ جو شخص ہر روز سو ۱۰۰؍ بار کہے :۔
لَا حَوْلَ وَ لَا قُوَّةَ اِلَّا بِاللهِ۔
نہیں طاقت و قوّت مگر جو ﷲ سے ہے۔
خداوند عالم اس سے ستّر طرح کی بلاؤں کو دور کر دے گا جن میں سب سے چھوٹی بلاء و عم ہے اور دوسری روایت کے مطابق وہ ہر گز پریشان نہ ہو گا۔ اور شیخ کلینیؒ و شیخ طبرسیؒ اور دوسرے افراد نے معتبر اور حسن روایات کے ساتھ حضرت امام جعفر صادق علیہ السّلام سے روایت کی ہے کہ حضرت رسولؐ خدا ہر روز ستّر بار کہا کرتے تھے۔
اَسْتَغْفِرُ اللهَ
میں خدا سے معافی مانگتا ہوں
اَتُوْبُ اِلَى اللهِ۔
خدا کے حضور توبہ کرتا ہوں
کشف الغمّہ اور امالی شیخ طوسیؒ میں معتبر سند کے ساتھ روایت ہے کہ رسولؐ خدا نے فرمایا کہ جو شخص بھی ہر روز ستّر مرتبہ کہے گا۔
لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا اللهُ الْمَلِكُ الْحَقُّ الْمُبِيْنُ۔
نہیں ہے کوئی معبود سوائے ﷲ کے جو واضح حق کا بادشاہ ہے۔
تو وہ فقر اور وحشتِ قبر سے امان پا جائے گا اور مالدار ہو جائے گا اور اس کے لئے جنت کے دروازے کھل جائیں گے۔ امالی میں:
لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا اللهُ الْمَلِكُ الْحَقُّ الْمُبِيْنُ۔
نہیں ہے کوئی معبود سوائے ﷲ کے جو واضح حق کا بادشاہ ہے۔
نقل ہوا ہے اور ثواب الاعمال محاسن برقیؒ میں تیس ۳۰؍ مرتبہ پڑھنے کی روایت ہے۔