فضیلت زیارت حضرت معصومہؑ قم
سیدۂ جلیلہ حضرت فاطمہ معصومہ بنت امام موسیٰ بن جعفر علیہ السلام جن کو معصومۂ قم کہا جاتا ہے اور ان کی قبر شریف شہر قم میں معروف و مشہور ہے۔ اس میں قبہ گنبدضریح، صحن، خدام اور بہت سے موقوفات ہیں۔ یہ اہل علم کے لئے روشنی چشم اور عام انسانوں کے لئے پناہ گاہ ہے ہر سال دور دراز علاقوں سے مومنین کے کارواں زحمت سفر برداشت کر کے آپ کے فیوض و برکات سے مستفید ہوتے رہتے ہیں۔
آپ کی جلالت کے بارے میں شیخ صدوقؒ نے سند حسن مثل صحیح کے ساتھ سعد بن یسار سے روایت کی ہے کہ امام رضاؑ سے فاطمہ بنت موسیٰؑ بن جعفرؑکے بارے میں سوال کیا گیا تو فرمایا کہ جو ان کی زیارت کرے اس کے لئے جنت ہے اور دوسری معتبر سند سے امام رضاؑ کے فرزند امام محمد تقیؑ سے نقل کیا گیا ہے کہ جو شخص میری پھوپھی کی قم میں زیارت کرے اس کے لئے جنت ہے