بہترین عید کا دن ہے جو حضرت امام عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہٗ الشریف کا دن ہے اور اس دن میں ہر زمان اور ہر مکان میں حضرت کی زیارت اور آپ کے ظہور کے لئے دعا مستحب ہے خصوصیت کے ساتھ سامرہ اور سرداب میں یہ دعا کی جائے کہ آپ کا ظہور یقینی ہے اور آپ کی حکومت بھی قطعی ہے۔ آپ ہی وہ ہیں جو ظلم و جور سے بھری ہوئی دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دیں گے۔
ماہِ شعبان کے باقی اعمال
امام رضاؑ سے نقل کیا گیا ہے کہ جو شخص بھی ماہِ شعبان کے آخر میں تین دن روزہ رکھ کر اسے ماہِ رمضان سے ملا دے اس کو دو مہینہ کا ثواب مل جائے گا۔ ابوالصلت ہروی نے روایت کی ہے کہ ماہِ شعبان کے آخری جمعہ میں امام رضاؑ کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپ نے فرمایا کہ ابو الصلت ماہِ شعبان کا زیادہ حصہ گذر گیا ہے۔ اب یہ آخری جمعہ ہے لہٰذا جوکوتاہیاں ہو گئی ہیں ان کی تلافی کرو اوروہ کام کرو جومفید ہے۔ دعا اور استغفار کرو۔ تلاوت قرآن کرو۔ گناہوں سے توبہ کرو تاکہ جب ماہ مبارک آئے تو بالکل پاک وصاف رہو اور خبردار تمہاری گردن پر کسی کی امانت اور کوئی حق نہ رہ جائے مگر یہ کہ ادا کر دو اور خبردار دل میں کسی کا کینہ نہ رہے اور اگر کوئی گناہ کیا ہے تو اس سے توبہ کرو اور اسے ترک کر دو۔ وہ خدا ہے، اسی پر بھروسہ کرو اور ہر حال میں اسی پر توکل کرو اوراس دعا کو مسلسل پڑھتے رہو۔