EN اردو RO AZ
🌐
English اردو Roman Azerbaijani
🏠 🔍
فضیلت زیارت انبیاء ع
زیارت انبیاءِ عظام اور زیارت امام زادگانِ عالی مقام اور زیارت قبورِ مومنین۔ اس مقام پر تین مطالب ہیں۔پہلا مطلب۔ زیارت پیغمبران کرام کے بارے میں واضح رہے کہ انبیاء کرام کی تعظیم و تکریم عقلاً بھی ضروری ہے اور شرعاً بھی اور ہمارے عقیدے میں انبیاء کے درمیان کوئی تفرقہ نہیں ہے ان کی زیارت بہترین پسندیدہ عمل ہے اور علماء نے اس کے استحباب کی صراحت فرمائی ہے۔ انبیاء کی تعداد اگرچہ بہت زیادہ ہے لیکن ان کی جانی پہچانی قبریں بہت کم ہیں۔ اس وقت جو ہمارے پیش نظر ہیں ان میں چند قبریں ہیں۔ جناب آدمؑ و نوحؑ جو مرقد منور امیرالمومنینؑ میں دفن ہیں۔ جناب ابراہیم جو شہر قدس میں بیت المقدس کے پاس مدفون ہیں اور ان کے جوار میں جناب سارہ جو ان کی زوجہ ہیں اور جناب اسحاقؑ و یعقوبؑ و یوسفؑ بھی مدفون ہیں اور حضرت اسماعیلؑ اور ان کی مادر گرامی مسجد الحرام میں حجر اسماعیلؑ میں مدفون ہیں اور وہاں دیگر انبیاء کی قبریں بھی ہیں حضرت امام محمد باقرؑ سے منقول ہے کہ رکن و مقام کے درمیان کی جگہ قبور انبیاء سے بھری ہوئی ہے اور امام صادقؑ سے منقول ہے کہ رکن یمانی اور حجر اسود کے درمیان ستر پیغمبر مدفون ہیں اور بیت المقدس میں بھی کچھ پیغمبروں کی قبریں ہیں۔ حضرت داؤد و سلیمانؑ کی قبریں وہاں کے لوگوں کے نزدیک مشہور ہیں۔ جناب زکریاؑ کی قبر طیب میں معروف ہے۔ جناب ہودؑ و صالحؑ کی قبر نجف اشرف میں وادی السلام میں ہے اور جناب ذوالکفلؑ شط فرات کے کنارے کوفے کے قریب چند فرسخ پر ہیں۔ شہر موصل میں جناب ادریسؑ پیغمبر کی قبر ہے اور بیرون شہر قبر جناب شیثؑ ہے شوش میں قبر دانیالؑ پیغمبر ہے۔ اور مسجد براثا کے قریب جناب یوشعؑ کی قبر ہےجو فی الحال معلوم نہیں ہے۔