EN اردو RO AZ
🌐
English اردو Roman Azerbaijani
🏠 🔍
فضیلت مسجد سہلہ
کوفہ کی مسجد کبیر کے بعد کوئی بھی مسجد فضیلت میں مسجد سہلہ جیسی نہیں ہے جو حضرت ادریسؑ، حضرت ابراہیمؑ کا مکان اور حضرت خضرؑ کے ورود کی منزل اور ان کا مسکن تھی۔ امام جعفر صادقؑ سے منقول ہے کہ آپ نے ابوبصیر سے فرمایا کہ میں یہ دیکھ رہا ہوں کہ حضرت صاحب الامرؑ اپنے اہل و عیال کے ساتھ مسجد سہلہ میں وارد ہوئے ہیں اور یہی آپ کی جگہ ہے اور پروردگار نے کسی بھی پیغمبرؐ کو نہیں بھیجا ہے مگر اس نے اس مسجد میں نماز ادا کی ہے۔ لہٰذا جو شخص اس مسجد میں قیام کرے گویا اس نے خیمۂ رسولؐ میں قیام کیا ہے اور کوئی مرد مومن یا زن مومنہ نہیں ہے جس کا دل اس مسجد کی طرف مائل نہ ہو۔ اس مسجد میں ایک پتھر ہے جس پر پیغمبرؐ کی تصویر نقش ہے اور اور جو شخص بھی سچّی نیت کے ساتھ اس مسجد میں نماز اور دعائیں کرتا ہے اس کی حاجت بہر حال پوری ہو جاتی ہے اور اگر امان طلب کرتا ہے تو امان بھی مل جاتی ہے۔ میں نے عرض کی واقعاً فضیلت وہی ہے جو اس مسجد کی ہے۔ فرمایا کہ کیا اور زیادہ بیان کروں۔ میں نے عرض کی ضرور۔ فرمایا کہ یہ ان مقامات میں سے ہے جن کو خدا دوست رکھتا ہے کہ وہاں اس سے دعا کی جائے اور کوئی شب و روز ایسا نہیں ہےجب ملائکہ اس مسجد کی زیارت اور اس میں عبادت کے لئے نہ آتے ہوں۔ اس کے بعد فرمایا کہ اگر میرا گھر اس مسجد سے نزدیک ہوتا تو میں تمام نمازیں اسی مسجد میں ادا کرتا۔ اور فرمایاکہ اس مسجد کے جو فضائل میں نے نہیں بیان کئے وہ اس سے کہیں زیادہ ہیں جو بیان کر دیئے ہیں۔ میں نے عرض کیا حضرت قائم علیہ السلام ہمیشہ اسی مسجد میں رہیں گے۔ فرمایا بیشک۔